نئی دہلی 11/جون (ایس او نیوز/ایجنسی) تازہ اعداد و شمار کے مطابق پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 74 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ اس وبا سے ہونے والی اموات کی تعداد 4 لاکھ 18 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔دنیا بھر میں حالات بتارہے ہیں کہ کورونا کا قہر رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور روزانہ متاثرین اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ہندوستان میں بھی کورونا وائرس کا قہر بڑھتا جارہا ہے اور اب یہاں متاثرین کی تعدا پونے تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 8ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
امریکہ میں تازہ اعداد و شمار ملنے تک کورونا کی وبا سے اب تک 20 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 1 لاکھ 15ہزار سے زیادہ لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ برازیل میں متاثرین کی تعداد 8 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے اور وہاں 39 ہزار سے زیادہ لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔
روس میں بھی کورونا کا قہر بڑھتا جارہا ہے اور یہاں اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ا ب تک 5 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ 6358 لوگوں نے جان گنوائی ہے۔ چین میں متاثرین کی تعداد 83 ہزار سے زیادہ ہے اور ترکی میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 73 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔